اسلام آباد(سی پی پی) اسٹیٹ بینک نے کم لاگت سے تیار کردہ گھروں کیلئے فنانس پالیسی کا اجرا کردیا ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کا کہنا ہے کہ بنک پالیسی کے تحت کم لاگت سے تیار کردہ گھر بنانے کیلئے قرضے دے گا۔ 30 لاکھ روپے کی لاگت تک والا گھر کم لاگت والے گھروں کے زمرے میں آئے گا۔ بنک گھر کی تعمیر میں غریب آدمی کو کل لاگت کا 90 فیصد قرض دے گا۔ بیوگان، یتیم، شہدا، خواجہ سرا اور دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
ا سلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بنک نے کہاکہ کم لاگت والے گھروں کی خریدوفروخت اور کرائے پر دینے کی پابندی ہوگی۔ گھروں کی تعمیر سے روزگار کے بے پناہ مواقع پیداہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ گھروں کی تعمیر کیلئے قرض پر 5 فیصد شرح سود ہوگی۔تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاکہ کمزور طبقات کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ کم لاگت مکانات کی تعمیر وفاقی حکومت کا اہم منصوبہ ہے۔