کراچی(این این آئی)دی اکانومسٹ کی اکانومک انٹیلی جنس جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2019 کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہواہے اور رواں برس مہنگائی کی شرح بلند رہے گی، گیس اور بجلی کی اضافی قیمتیں مہنگائی کا سبب ہوں گی۔دی اکانومسٹ نے اکانومک انٹیلی جنس یونٹ کی جائزہ رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں 2019 کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہوا، روپے کی قدر میں کمی مہنگائی کی سب سے بڑی
وجہ ہے اور مکانات کے کرایوں، پانی و بجلی گیس کے نرخوں میں اضافے نے بھی مہنگائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گیس اور بجلی کی اضافی قیمتیں بھی مہنگائی کا سبب ہوں گی، جبکہ رواں سال مون سون بارشیں معمول کے مطابق ہونے کاامکان ہے۔رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ زرعی پیداوار کم ہونے سے بھی مہنگائی بڑھے گی، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ بھی مہنگائی کو بڑھائے گا۔