اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو لندن میں علاج کروانے کی حکومتی اجازت لینے کیلئے رواں ہفتہ لاہور سے باقاعدہ سٹریٹ پاور مہم آغاز کرنے کا پلان ترتیب دیدیا گیا ،ملک بھر میں لیگی رہنماؤں و کارکنان کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ کے انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز نے اپوزیشن سے گٹھ جوڑ کرتے ہوئے گرین سگنل ملنے کے بعد ملک بھر میں سٹریٹ مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی غرض بھجوایا جانا مقصود ہوگا،
حمزہ شہباز اورمریم نواز سٹریٹ مہم کو لیڈ کریں گے اورملک بھر میں لیگی رہنماؤں کوبھی اطلاع دیدی گئی ہے ۔پاکستان پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی نواز شریف سے آج ہونیوالی ملاقات اسی سلسلہ کی کڑی ہوگی،دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے بعدنواز شریف والی پریکٹس اپلائی کی جائیگی اور اس پر لیگی جماعت انکی حمایت کریگی۔معلومات کے مطابق نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت سے ڈیل کرنا تو دور کی بات اب عوامی پریشرکے ذریعہ ہی باہر ملک چلے جانا چاہیے تاکہ ڈیل کی افواہیں دم توڑ جائیں۔شہباز شریف نے نواز شریف کو باہر بھجوانے سے متعلق ضروری ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے ،اور اس اب فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کرانے کے بہانے ملک سے نکالا جائے گا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ملک کی کسی بھی اچھی ہسپتال میں داخل کرایا جا سکتا ہے اور انکے علاج معالجہ پر سیاست نہیں کی جائیگی مگر باہر ملک علاج کے لیے کسی صورت بھی نہیں بھیجاجائے گااور اگر نواز شریف نے عوامی پریشر دینے کی کوشش کی تو پھر حکومت بھی عوامی سطح پر یہ شعور بیدارکریگی کہ حکمران اپنے علاج کے لیے تو بیرون ممالک جاتے ہیں اور بیس کروڑ عوام کے لیے وہ ہسپتال موجودہیں جہاں وقت کے لاڈلے حکمران اپنا علاج کرانابھی گوارہ نہیں کرتے اور اس پر بھر پور عوامی تائید حاصل کر کے اپوزیشن کے فریبی ایجنڈا کو جنم سے قبل ہی دفن کر دیا جائے گا۔