اسلام آباد/لاہور( این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے 127 پاکستانی شہریوں اورغیر ملکی باشندوں کو مختلف شعبوں میں ان کی شاندار خدمات پر سول اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایوارڈز 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب میں دئیے جائیں گے۔ ان اعزازات میں ایک نشان امتیاز، تین ہلال پاکستان، آٹھ ہلال امتیاز، تین ہلال قائداعظم، چار ستارہ پاکستان، چار ستارہ شجاعت،چونتیس ستارہ امتیاز،اٹھائیس صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، ایک ستارہ قائداعظم، ایک تمغہ پاکستان،
تئیس تمغہ شجاعت اورسترہ تمغہ امتیاز شامل ہیں۔ممتاز نیوز کاسٹر اور اینکرپرسن عشرت فاطمہ بھی صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کیلئے نامزد شخصیات میں شامل ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے دو سابق کپتانوں سمیت تین کرکٹرز کو بھی اعزازات دئیے جائیں گے ۔ وسیم اکرم اور وقار یونس کو ہلال امتیاز جبکہ لیگ سپنر یاسر شاہ کوستارہ امتیاز دیا جائے گا ۔انٹرنیشنل ریسلر محمد انعام بٹ کو بھی عالمی سطح پر کامیابیوں پرصدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔