لاہور(سی پی پی)پنجاب کے متعدد سرکاری اسکولوں میں آٹھ ارب سے زائد کی خطیر رقم سے لگائے جانے والے سولر پینلز ناقص ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔جبکہ متعدد اسکولوں میں سولر پینلز چوری کرلیے گئے، ان کی خرابی اور چوری کے باعث پراجیکٹ کھٹائی میں پڑ گیا۔سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن نے سرکاری اسکولوں میں لگے سولر پینلز ناقص ہونے کا نوٹس لے لیا جبکہ ان کی چوری پر بھی برہمی کا اظہار کیاہے۔سابق دور حکومت میں
پنجاب کے 20000 سرکاری اسکولوں کی بجلی کو سولر پینلز سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔8 ارب سے زائد کے پراجیکٹ کے تحت اب تک پانچ ہزار سے زائد اسکولوں میں سولر پینلز نصب کیے گئے تھے۔موجودہ حکومت نے بھی سولر پینلز پراجیکٹ کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن نے اسکولوں میں لگے سولر پینلز کی حفاظت کرنے کی ہدایت کردی۔چوری یا خراب ہونے کی صورت میں متعلقہ اسکول ہیڈ اور اسٹاف کے خلاف کارروائی ہوگی۔