لاہور ( این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میٹرو بس سروس کے کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرائے بڑھا کر عوام پر معاشی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے ،پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کرائے بڑھانے کی بجائے وسائل میں اضافے کیلئے دیگر قابل عمل آپشن کا جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا۔
جس میں وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،وزیر صنعت میاں اسلم اقبال،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،سیکرٹری خزانہ اوردیگر متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کی دوران ملازمت وفات کی صورت میں اہل خانہ کو مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی ۔ 1سے4سکیل کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہل خانہ کو 16لاکھ روپے جبکہ5سے 10سکیل تک کے ملازمین کے اہل خانہ کو 19لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔11سے 15سکیل کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہل خانہ کو 22لاکھ روپے جبکہ16اور 17سکیل تک کے ملازمین کے اہل خانہ کو 25لاکھ روپے جبکہ 18اور 19سکیل کے ملازمین کے اہل خانہ کو 34لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔جبکہ 20اوراس سے زیادہ گریڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کی وفات کی صورت میں اہل خانہ کو 40لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدارنے میٹروبس سروس کے کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرائے بڑھا کر غریب عوام پر معاشی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کرائے بڑھانے کی بجائے وسائل میں اضافے کیلئے دیگر قابل عمل آپشن کا جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے ۔
اجلاس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے نئے ایم ڈی کی تقرری کے لئے ضروری پراسیس مکمل کرنے کی منظوری ،ڈی جی پی آر کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ،ڈینگی کنٹرول پروگرام اورایس ایم یو میں بھرتیوں کی اجازت، ڈیرہ غازی خان میں گندم ذخیرہ کرنے کے لئے سائلوز کو آپریشنل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ نرسنگ کالجزکے ساتھ ماں بچے کے لئے ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اس کے ساتھ محکمہ صحت کے سمال ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور فیصل آباد گا رمنٹس سٹی کے لئے بائی پاس روڈ کی تعمیر کامنصوبہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ، واسا راولپنڈی کے بجلی کے بلوں اورملازمین کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 30کروڑروپے گرانٹ دی جائے گی۔اجلاس میں مختلف صوبائی محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چکوال کیلئے فنڈز کی منظوری،تونسہ شریف میں پناہ گاہ بنانے کی منظوری دی گئی ۔