لندن (آن لائن)دنیا میں بڑھتی ماحولیاتی آلودگی کا نتیجہ جنگلات کی تباہی اور انسانی اموات کی شرح میں اضافہ ہے جس سے برطانیہ سمیت مشرق وسطیٰ اور ایشیاء کے ممالک بھی متاثر ہیں جب کہ دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں میں بھارت کے 15 شہر شامل ہیں۔ایئر ویڑوئل رپورٹ کے مطابق دنیا کے تین ہزار شہروں کو جانچا گیا جس کے بعد نتیجہ اخذ کیا گیا کہ
آئندہ برس آلودہ ہوا سے پوری دنیا میں تقریباً 7 ملین (70 لاکھ) اموات ہوسکتی ہیں۔ماحولیاتی آلودگی کی تحقیق کرنے والے ادارے ‘گرین پیس ساؤتھ ایسٹ ایشاء ‘ کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں میں بھارت کے 15 شہر شامل ہیں جہاں گندگی اور آلودہ ہوا کا ڈیرہ ہے جب کہ اس فہرست میں پاکستان اور چین کے دو، دو اور بنگلادیش کا ایک شہر شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق 15 بھارتی آلودہ شہروں میں پٹنا، لکھنؤ، دہلی، جودھپور، مظفر آباد، ورناسی، مراد آباد، آگرہ، گایا، غازی آباد، فرید آباد، بھیواڈی، نوئیدا اور جند شہر ہے جب کہ سب سے سرفہرست گرو گرام شہر ہے۔آلودہ شہروں کی فہرست میں پاکستان کے شہر فیصل آباد کا تیسرا نمبر ہے جب کہ لاہور کا دسواں نمبر ہے۔چین کا شہر ہوتان آلودہ شہروں کی فہرست میں آٹھویں اور کاشگر 19 ویں نمبر پر ہے جب کہ بنگلادیش کا شہر ڈھاکا 17 ویں نمبر پر ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے تین سب سے زیادہ آلودہ ترین دارالحکومتوں میں بھارت کا دہلی، بنگلادیش کا ڈھاکا اور افغانستان کا کابل ہے۔عالمی ادارے صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس بنگلادیش میں مضر صحت ہوا کا تناسب 97.1 ریکارڈ کیا گیا جب کہ پاکستان میں 74.27 اور بھارت میں 72.54 ریکارڈ کیا گیا تھا۔