اسلام آباد(اے این این ) پاکستان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی اور امن کی پالیسی کو بھارتی حکومت نے پاکستان کی کمزوری سمجھتے ہوئے تعلقات کی بحالی کے لیے ڈو مور کا مطالبہ کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارت نے پاکستان سے 20 مفرور افراد کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے جن میں زیادہ تعداد خالصتان تحریک سے جڑے سکھ رہنمائوں کی ہے۔ بھارت کی طرف سے پاکستان کو 20 مفرور افراد کی ایک فہرست دی گئی ہے جس میں
خالصتان تحریک سے جڑے اہم رہنما شامل ہیں۔بھارت کی طرف سے فراہم کی گئی لسٹ میں ببر خالصہ کے رہنما ودھاوا سنگھ، خالصتان زندہ باد تحریک کے رہنما سردار رنجیت سنگھ، خالصتان کمانڈو فورس کے رہنما سردارپرم جیت سنگھ پنجوار اور انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن کے رہنما لکھبیر سنگھ اور ہیپی سنگھ کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جن افراد کی فہرست پاکستان کودی گئی ہے ان میں سے کوئی بھی سکھ رہنما پاکستان میں موجود نہیں ہے۔