اسلام آباد (این این آئی )وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ بھارت پلوامہ واقعہ پر قابل عمل انٹیلی جنس معلومات فراہم کرے ، فوری کارروائی کے حوالے سے اپنے الفاظ پر قائم ہیں۔اتوار کو بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے تبصرہ پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ اپنے اس بیان کہ ’’ اگر بھارت نے ہمیں قابل عمل انٹیلی جنس معلومات فراہم کیں تو ہم اس پر فوری کارروائی کریں گے ‘‘ پر قائم ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ دسمبر2015ء میں بھارتی وزیراعظم مودی
سے ملاقات کے دوران ہمارا اس بات پر اتفاق ہواتھا کہ چونکہ تخفیف غربت ہمارے خطے کی ترجیح ہے اس لئے ہمیں امن کی کوششوں کو دہشت گردی کے کسی واقعہ کی وجہ سے ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دینا چاہئے تاہم پلوامہ حملے سے بہت پہلے ستمبر 2018ء میں ان کوششوں کو ڈی ریل کردیا گیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ افسوس ہے کہ بھارت میں انتخابات کی وجہ سے امن بدستور مبہم ہے، انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو امن کو ایک موقع دینا چاہئے۔