اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے حکام نے ملاقات کی جس میں یو این حکام نے پاکستانی نوجوانوں کے لئے حکومت کی جانب سے شروع کیا جانا والا ’’کامیاب نوجوان ‘‘ میں 30 ملین ڈالرز فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور اقوام متحدہ کے حکام نے ملاقات کی جس میں حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ’’کامیاب نوجوان ‘‘ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیتیں موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ملکی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو آگے لایا جائے جبکہ عثمان ڈارنے بھی کہا کہ حکومت نوجوانوں میں بے روزگاری کم کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے اور اس حوالے سے بہت جلد نوجوانوں کے لئے مختلف منصوبے بھی متعارف کرا رہے ہیں جس سے بے روزگاری کی شرح کم ہو گی تاہم اقوام متحدہ کے حکام نے بھی کامیاب نوجوان پروگرام میں شراکت داری کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے میں 30 ملین ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس منصوبے سے تقریباً 2 لاکھ نوجوان کو بااختیار بنایا جائے گا ۔ یو این کی فنڈنگ وزیر اعظم نے حکام کا شکریہ بھی ادا کیا ۔