سرینگر (رائٹرز) مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پلوامہ میں خودکش حملہ کرنیوالے عادل احمد ڈار کے والد نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے تشدد اور غیرانسانی رویے نے میرے بیٹے کو شدت پسند بنا دیا۔غلام حسن ڈار نے کہا فوجیوں کے اہلخانہ کی طرح ہم بھی بہت تکلیف میں ہیں، بھارتی فوجیوں نے میرے بیٹے اور اسکے دوستوں کو روکا، انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، ان پر پتھر پھنکنے کے الزامات لگا دیتے اور ہراساں کرتے تھے ، جس کے باعث اس نے اسلحہ اٹھانے کی ٹھان لی۔
عادل کی والدہ فہمیدہ نے بھی اپنے شوہر کی باتوں کی تائید کرتے ہوئے بتایا کہ فوجیوں کے تشدد کے باعث میرا بیٹا ان سے نفرت کرنے لگ گیا تھا، ہمیں بیٹے کے منصوبے کا علم نہیں تھا، ہمارا بیٹا گزشتہ مارچ کی 19 تاریخ سے غائب ہے ، ہم نے بہت تلاش کیا لیکن بے سود ثابت ہوا۔غلام حسن ڈار نے اپنے بیٹے کی موت کا ذمہ دار سیاستدانوں کو قرار دیتے ہوئے کہا انہیں بات چیت سے مسئلے کو حل کرنا چاہئے ، یہ لوگ نوجوانوں کو شدت پسند بنا رہے ہیں۔