پشاور(این این آئی)گور نر کے پی کے شاہ فرمان نے وزیر اعلیٰ سے اختلاف کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے اور قبائلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی سمیت تمام امور پر ہم دونوں ایک پیج پر ہیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ صوبہ بالخصوص قبائلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی سمیت تمام امور پر ہم دونوں ایک پیج پر ہیں۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان اور گورنر شاہ فرمان میں اختلافات کی بنیادی وجہ یہ سامنے آئی تھی کہ گورنر شاہ فرمان مواصلات، بلدیات اور داخلہ کے محکمے اپنے پاس رکھنے پر بضد ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی، آئی جی اور چیف سیکرٹری چاہتے ہیں کہ لیویز اورخاصہ دارفورس ایکٹ 2019 لا کر دونوں فورسز کو محکمہ پولیس میں ضم کر دیا جائے تاہم گورنر ایسا نہیں چاہتے، اس لئے معاملہ الجھ گیا۔گورنر نے قبائلی اضلاع کیلئے ایڈوائزی بورڈ تشکیل دیا ہے جس کا مقصد قبائلی اضلاع میں گڈ گورننس کو عملی جامہ پہنانا اور قبائلی روایات کا تحفظ کرنا ہے،بعض وزراء نے گورنر کو اختیارات دینے کی مخالفت کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گور نر کے پی کے شاہ فرمان نے وزیر اعلیٰ سے اختلاف کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ صوبے اور قبائلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی سمیت تمام امور پر ہم دونوں ایک پیج پر ہیں۔