کراچی(این این آئی)حکومت نے بجٹ اخراجات پورے کرنے کے لیے ایک ہفتے کے دوران بینکنگ سیکٹر سے مزید 54 ارب روپے قرض لے لیا، اخراجات کے لیے مرکزی بینک کے قرضے کم پڑ گئے، کمرشل بینکوں سے بھی دوبارہ قرض لینا شروع کر دیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق حکومت کو اخراجات پورے کرنے کے لیے مرکزی بینک کے قرضے کم پڑ گئے۔ بینکنگ سیکٹرسے54ارب روپے کے نئے قرضے لینے پڑگئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری کے تیسرے ہفتے کے دوران حکومت نے مرکزی بینک سے 41 ارب 25 کروڑ روپے کا نیا قرض لیا لیکن اخراجات پھر بھی پورے نہ ہو سکے جس کے باعث کمرشل بینکوں سے بھی 12 ارب 67 کروڑ روپے قرض لینا پڑا۔رواں مالی سال میں اب تک حکومت اخراجات کے لیے بینکنگ سیکٹر سے مجموعی طور پر 780 ارب 2 کروڑ روپے کے نئے قرضے لے چکی ہے جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 133 فیصد زیادہ ہیں۔