راولپنڈی(این این آئی) پاک فوج کے آرٹلری کور کے کثیر جہتی لانچ راکٹ سسٹم میں اے 100 راکٹ کو شامل کرلیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے اے 100 راکٹ کو مقامی سطح پر تیار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق راکٹ 100 کلو میٹر کے فاصلے تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ راکٹ کی آرٹلری کور میں شمولیت کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب
سے خطاب میںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مقامی سطح پر اے 100 راکٹ تیار کیا جو بلاشبہ پاک فوج کی دفاعی استعداد میں اضافے کا سبب بنے گا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مسلح افواج کی قوت میں اضافے کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ درپیش چیلنجز سے نمٹ سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت نے حالیہ عرصے میں متوازن پیش رفت برقرار رکھی ہے اور دفاعِ پاکستان میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔