انقرہ(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ اور تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے اور کہا ہے کہ ترکی کی تحریک آزادی میں پاکستانی علاقے کے لوگوں کا بڑا اہم کردار ہے ، ہم ملک میں گورننس کی بہتری پر توجہ دے رہے ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں،
سرمایہ کاری سے ہی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ، پاکستان میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ، چین کی مدد سے خصوصی اقتصادی زون قائم کر رہے ہیں اور پاکستان میں سی پیک سے زبردست تجارتی مواقع پیدا ہوں گے ، پاکستان میں آئندہ پانچ سال میں 50لاکھ گھرتعمیرکیے جائیں گے۔ و ہ جمعرات کو ترک صنعت کاروں اور تاجروں سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ترکی دوطرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے ،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے ،سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار بنارہے ہیں ،سرمایہ کاری کے ذریعے ہی بے روزگاری میں کمی آئے گی،چین کی مدد سے اقتصادی زون قائم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے زبردست تجارتی سرگرمیاں شروع ہوں گی، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں ،پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ملک ہے، پاکستان میں سرمایہ کاروں کوتمام سہولیات دیں گے، ملک میں گورننس کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع ہیں ،سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے آدھی پاکستان میں ہیں۔عمران خان نے کہا کہ تیل گیس معدنیات کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنا ضروری ہیں ،ملک میں گورننس کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سال کے دوران 50لاکھ گھرتعمیرکیے جائیں گے،پاکستان کی آبادی میں 12 کروڑ نوجوان ہیں۔