لاہور(نیوز ڈیسک )احتساب کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاداکبرنے کہاہے کہ ملک سے فرار ہونے والے بدعنوان افراد کو واپس لانا بہت ضروری ہے، رقوم کی غیرقانونی منتقلی میں ملوث افراد سے ملکی قانون کے مطابق نمٹاجائے گا ،منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے قائم کردہ جے آئی ٹی میں ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں ۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ پاکستانیوں کی طرف سے26ملکوں میں مختلف اکائونٹس میں چھپائے گئے اربوں ڈالرزکاپتہ لگایاہے۔منی لانڈرنگ کے
ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد ان عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی اوررقوم کی غیرقانونی منتقلی میں ملوث افراد سے ملکی قانون کے مطابق نمٹاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ منی لانڈرنگ یا غیرقانونی ذرائع سے رقوم کی منتقلی میں ملوث متعددافرادکوگرفتارکیاگیاہے اور آخری گرفتاری تک اپنی کوششیںجاری رکھیں گے۔ملک سے فرار ہونے والے بدعنوان افراد کو واپس لانا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نئے نام شامل کرنے کیلئے ایف آئی اے کی سفارشات منظور کر لی ہیں۔