راولپنڈی(این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 11 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے ۔ یہ دہشتگرد 26 افراد کے قتل اور 22 دیگر کو زخمی کرنے سمیت دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 11 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کی ہے جن میں انور سلام ولد سید نظر ، عرفان الحق ولد دلبر، صاحبزادہ ولد اکبر زادہ،
نادر خان ولد احمد ، عزت خان ولد بشرین، امتیاز احمد ولد تاج محمد ، امیر زیب ولد جہانگیر، بادشاہ عراق ولد محمد اسحاق ، اظہار احمد ولد مختار احمد ، اکبر علی ولد شیبر صاحب اور محمد عمران ولد عزیز الرحمان شامل ہیں ۔مذکورہ دہشتگردوں نے ایک سویلین اور 25 سیکیورٹی اہلکار کو قتل ،22 دیگر کو زخمی کیا ۔ یہ دہشتگردسیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں سمیت دہشتگردی کی سنگین وارداتوں اور ایک تعلیمی ادارے کو تباہ کرنے میں ملوث تھے۔