اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں کلفٹن بلاک 4میں قائم چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے میں تین دہشتگردوں نے آج داخل ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا ہے۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار بھی شہید ہو گئے ہیں۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ قونصل خانے میں
حالات قابو میں ہیں اور تمام تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہےجبکہ قونصل خانہ کا تمام چینی عملہ محفوظ ہے۔ علاقے کو جلدہی مکمل کلیئر کر دیا جائیگا۔ دہشتگردوں کے قبضے میں موجود دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ کراچی پولیس چیف کے مطابق اس طرح کی حرکات کچھ بھارت اور کچھ دوسرے دہشتگرد کررہے ہیں۔ پولیس چیف کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک مشکوک گاڑی بھی ملی ہے جس میں دھماکہ خیز مواد موجود تھا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ہے۔