راولپنڈی(آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ ہمار ی قوم خاص طور پر نوجوانوں کو ملک کے خلاف منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ اور باخبررہنے کی ضرورت ہے ، پروپیگنڈے کے ذریعے لوگوں کو تقسیم کیا جارہا ہے، پاکستان کو 2دہائیوں میں مختلف قسم کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا تاہم پاکستان نے ان خطرات کو موثر انداز سے شکست دی۔
صورتحال کا رخ مذہبی ، فرقہ وارانہ ، لسانی و سماجی بغاوت کی طرف ہورہا ہے، اس معاملے پر مشترکہ قومی بیانیہ کی ضروت ہے، اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے۔ ہمیں بے بہا قربانیوں کے بعد اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا۔پیرکو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ۔جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بریفنگ کے بعد شرکا نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوال جواب کیے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو 2دہائیوں میں مختلف قسم کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستانی قوم اور فورسز نے بڑی بہادری اور کامیابی سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ پاکستان نے ان خطرات کو موثر انداز سے شکست دی۔ صورتحال کا رخ مذہبی ، فرقہ وارانہ ، لسانی و سماجی بغاوت کی طرف ہورہا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمار ی قوم خاص طور پر نوجوانوں کو ملک کے خلاف منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ اور باخبررہنے کی ضرورت ہے۔ہماری ذمہ داری مزیدبڑھ گئی ہے ، اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ ہمیں بے بہا قربانیوں کے بعد اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا۔ انہوں نے کہاکہ پروپیگنڈے کے ذریعے لوگوں کو تقسیم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ، ہمیں اپنی قوم بالخصوص نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ دشمن کے پھیلائے گئے پروپیگنڈے سے نبرد آزما ہو سکیں، اس معاملے پر مشترکہ اور جامع قومی بیانیہ کی ضرورت ہے۔