اسلام آباد(آئی این پی)آسیہ مسیح کی بریت کے فیصلے کے خلاف ترامڑی چوک میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراؤ میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات زخمی ہوگئے جبکہ کئی پولیس اہلکار بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوئے ۔ جمعرات کو ترامڑی چوک پر مذہبی جماعت کے مظاہرین کی طرف سے سڑک بند کی گئی تھی جس پر پولیس نے سڑک کھلوانے کی کوشش کی اس دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا
جس سے موقع پر موجود ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات معمولی زخمی ہوئے جبکہ متعدد پولیس اہلکار پتھراؤ کی زد میں آکر زخمی ہوئے ۔ آسیہ مسیح کی بریت کے فیصلے کے خلاف مذہبی جماعتوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہیں آمدوررفت کے لیے مکمل بند رہیں ، اس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق آسیہ مسیح کو رہا کرنے پر ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت کو پولیس نے کینٹنر لگا کر اسلام آباد میں داخلے کے تمام راستے بند کر دیے گئے ،بہارہ کہو کے مقام پر مری روڈ کو بلاک کردیا گیا ،مری سے راولپنڈی اور اسلام آباد آنے والی مرکزی شاہراہ بند ہونے کے سبب مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔مظاہرین نے گجرخان کے مقام پر جی ٹی روڈ کو بلاک کردیا ہے جس کے سبب راولپنڈی اور اسلام آباد سے لاہور کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ راولپنڈی اور فیض آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں موبائل سروس معطل ہونے کے سبب شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔احتجاجی مظاہرین نے کورال چوک اور ترامڑی چوک کو رکواٹیں کھڑی کرکے بند کردیا ۔ اسلام آباد سے راولپنڈی جانے کا راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے جب کہ فیض آباد میں گزشتہ روز شروع ہونے والا احتجاجی مظاہرہ تاحال جاری ہے۔دوسری جانب راولپنڈی میں تاجروں کی جانب سے فیصلے کے خلاف مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ صدر، بینک روڈ، راجہ بازار، باڑہ مارکیٹ، مری روڈ اور ملحقہ بازار مکمل طور پر بند ہیں۔