اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپنی بنی گالہ کی رہائش ریگولائز کرانے کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے، وزیراعظم عمران خان کے علاوہ 65 افراد نے اپنی تعمیرات ریگولائز کرانے کے لیے درخواستیں دیں،
ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان سمیت بنی گالہ تعمیرات کی ریگولرائزیشن کے لیے درخواست دینے والے 65 افراد کی تعمیرات ریگولرائز کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کی ریگولرائزیشن سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اسلام آباد کے زون 4 کے 72 ہزار سے زائد رقبہ پر 65 ہزار گھر تعمیر ہو چکے ہیں، جن میں سے عمران خان سمیت صرف 65 افراد نے اپنی تعمیرات ریگولرائز کرانے کیلئے درخواستیں دیں، رہائشی عمارتوں کے لیے 6 روپے فی مربع فٹ فیس مقرر کی گئی ہے لیکن بلڈنگ قوانین کے خلاف تعمیر عمارتیں ریگولرائز نہیں ہو سکتیں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے میں کیا ہو رہا ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ خدانخواستہ زلزلے میں خلاف قواعد تعمیر کے باعث بہت بڑی عمارتیں تباہ ہوسکتی ہے، چیف جسٹس نے سماعت کے دوران کہا کہ 65 موصول ہونے والی درخواستوں کو ریگولرائز کر دیا جائے اور باقی کے لیے ماسٹر پلان تیار کریں۔ ریگولرائزیشن کمیٹی کو عدالت نے تفصیلات دینے کے لیے مزید دس روز کی مہلت دے دی ہے۔