نیویارک،لندن، اسلام آباد،راولپنڈی (این این آئی)اقوام متحدہ نے آسیہ بی بی کی رہائی کے عدالتی فیصلے پر خیر مقدم کیا ہے ۔عالمی ادارے کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ سزائے موت کے خلاف اقوام متحدہ کی معین پالیسی ہے، فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔دوسری جانب برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مہم چلانے والے آسیہ بی بی کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
برٹش پاکستانی رکن یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم نے آسیہ بی بی کی رہائی کے اقدام کو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے لیے انتہائی احسن قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے مقدمے سے بری کر دیا تھادریں اثناء سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ناکافی شواہد کی بنیاد پر آسیہ بی بی کی رہائی سے متعلق فیصلے پر ملک کے بیشتر حصوں میں دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا جس کے بعد عوام کو شدیدمشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ گزشتہ روز آسیہ بی بی کی رہائی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہونے والے احتجاج کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں نظام زندگی جزوی طور پر مفلوج ہوگیا ٗاہم شاہراہوں اور سڑکوں پر دھرنوں کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔راولپنڈی اور لاہور میں احتجاج کے پیش نظر میٹرو بس سروس بند رہیٗ لاہور میں مال روڈ کی طرف جانے والے راستے بھی بند رہے ٗ شہر کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل رہی ٗ کراچی میں بھی کئی اہم سڑکوں پر دھرنے جاری رہے ٗ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ادھرپنجاب اور خیبر پختونخوا میں تمام ٗ سندھ میں نجی تعلیمی ادارے بند رہے ۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق صوبے کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے تحت بارہویں جماعت، راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات، ملتان میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔