اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں پاکستان کوارٹرز سے ممکنہ بے دخلی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ،متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ،منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا بھی استعمال ،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر پاکستان کوارٹرز میں گھروں کو خالی کرانے کے متوقع آپریشن کی اطلاع پر پاکستان کوارٹر کے مکینوں نے احتجاج کیا جس میں خواتین مرد اور بچے بھی شامل تھے۔علاقہ مکینوں نے پاکستان کوارٹرز کے داخلی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کردیئے۔
بعدازاں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ پولیس کی انسداد ہنگامہ آرائی فورس اور لیڈیز پولیس اہلکار بھی موقع پر موجود تھے۔انسداد ہنگامہ آرائی فورس نے پاکستان کوارٹرز میں جانے والا راستہ کھلوانے کی کوشش کی، جس پر مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں اور ہاتھا پائی ہوئی۔مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔متحدہ پاکستان کے مرکزی رہنما عامر خان ،کنور نوید جمیل ،فاروق ستار اور پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمال صدیقی بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں۔