اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے آصف زرداری اور فضل الرحمان کی ملاقات پر تبصرہ سے گریز کیا جبکہ مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی نااہلی برقرار رہی تو سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگا، آصف زرداری کے بیان کا پارٹی کی سطح پر جائزہ لے رہے ہیں۔ منگل کو سابق نواز شریف نیب ریفرنس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیش ہوئے تو صحافیوں نے آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات سے متعلق سوال کیا اور پوچھا
کہ موجودہ سیاسی منظر نامے اور ملاقاتوں کو کیسے دیکھ رہے ہیں؟۔نواز شریف نے کہا کہ اس سوال کا جواب مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب دیں گی۔ مریم اورنگزیب نے جواب دیا کہ حکومت کی نااہلی برقرار رہی تو سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگا۔صحافی نے پوچھا کہ آصف زرداری آپ سے ملاقات کے لیے تیار ہیں کیا آپ بھی ملیں گے؟۔ نواز شریف نے کہا کہ آصف زرداری سے ملاقات سے متعلق سوال کا جواب بھی مریم اورنگزیب دیں گی۔ مریم اورنگزیب نےکہا کہ پارٹی کی سطح پر جائزہ لے رہے ہیں۔