اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کیوں منسوخ ہوئی؟ سابق بھارتی وزیر خزانہ یشونت سنگھ نےوجہ بتادی،میڈیا رپورٹس کےمطابق یشونت سنگھ کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کےدرمیان ہونے ملاقات اس لئے منسوخ کی گئی کیونکہ سشما سوراج نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مجوزہ ملاقات سے پہلے وزیر اعظم آفس کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔بھارت نے گزشتہ ماہ مجوزہ ملاقات رضامندی کے صرف 24گھنٹے بعد ہی منسوخ کردی تھی۔
جس کی وجہ مقبوضہ کشمیر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور کشمیری حریت پسند برہان وانی کی شہادت پر ڈاک ٹکٹ کا اجراء بتائی گئی تھی۔بھارتی اخبار کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یشونت سنگھ کا کہنا تھا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے سشماسوراج کی بات نہیں سنی گئی،یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات انہیں ٹوئٹر منسٹر کہا جاتا ہے۔ سلامتی پر کابینہ کمیٹی میں شامل سینئر وزراءکو اہم فیصلوں پر اندھیرے میں رکھا جاتا ہے۔ تمام اہم فیصلے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے کئے جاتے ہیں۔