اسلام آباد(وائس آف ایشیا)وفاقی وزیر مراد سعید وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں سب پر بازی لے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کابینہ نے 100 روزہ پلان کے بیشتر اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مراد سعید کارکردگی کے لحاظ سے سب پر بازی لے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کیے جانے والے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
جس میں رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعظم کی جانب سے دئے گئے بیشتر اہداف حاصل کر لیے گئے۔ وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کارکردگی میں اول نمبر پر رہے۔ انہوں نے 1 ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی۔ کارکردگی سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس کی سینکڑوں گاڑیوں نیلام کی گئیں جن سے حاصل ہوونے والی 11 کروڑ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی گئی ہے۔حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے 6 بڑے پراجیکٹ کے آڈٹ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ٹھیکوں میں خوردبرد کی تحقیقات کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سے رابطہ بھی کرلیا گیا ہے جبکہ آئندہ ٹھیکے دینے کے لیے ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ اور ای بلنگ لانے کا بھی اعلان کیا گیا۔کابینہ نے سڑکوں کی تعمیر کے 5 بڑے منصوبے شروع کرنے کی منظوری دی جن میں نادرن بائی پاس کراچی، سکھر حیدرآباد کی، چکدرہ کالام شاہراہ شامل ہے۔ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی جبکہ دیگر وزرا کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کاموں کی پیشرفت سے متعلق عمران خان کو آگاہ کریں۔ یاد رہے کہ عام انتخابات 2018ء سے قبل 20 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے پہلے 100 دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ہم نے حکومت کے پہلے 100 دن کا منشور دے دیا ہے، یہ منشور ہماری سمت کا تعین کررہا ہے۔