کراچی(آن لائن) سندھ میں میگا منی لانڈرنگ اسیکنڈل اور جعلی اکاؤنٹس سے رقم منتقلی کیس میں جے آئی ٹی نے 50 ٹھیکیداروں سے تفتیش مکمل کر لی، کیس میں اومنی گروپ سمیت 3کمپنیوں کے جعلی اکاونٹس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے۔منی لانڈرنگ سکینڈل میں جے آئی ٹی نے 50 ٹھیکیداروں سے تفتیش مکمل کرلی۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ 150 سے زائد ٹھیکیداروں نے جعلی اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر رقم جمع کرائی جبکہ منی ٹریل میں 500 افراد کا تعلق نکلا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع نے انکشاف کیا کہ اومنی گروپ سمیت تین کمپنیوں نے جعلی اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کرائی، 100 سے زائد بینک افسران نے مبینہ طور پر جعلی اکاؤنٹس کھولے۔دوسری جانب ایف آئی اے نے کیس میں سندھ حکومت کے تعاون فراہم نہ کرنے کا شکوہ کر دیا۔ 17 اکتوبر کو جے آئی ٹی نے سرکاری اکاؤنٹس کا 10 برس کا ریکارڈ چیف سیکریٹری سندھ سے مانگا تھا ،تاہم 3 ہفتے گزر جانے کے باجود بھی سندھ حکومت نے جے آئی ٹی کو تفصیلات فراہم نہیں کیں۔