کراچی(سی پی پی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے تحریک انصاف حکومت کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی حکومت کو 50 دن ہوئے ہیں اور یوٹرن دکھائی دے رہے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ 25 جولائی کو ہماری سیٹیں چھین لی گئیں۔
ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت بنانے میں مدد کی، جمہوری نظام کو چلانے کیلئے ہم نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔عامر خان نے کہا کہ ابھی حکومت کو 45 سے 50 دن ہی ہوئے ہیں، ابھی سے یوٹرن دکھائی دینے لگے ہیں، حکومت کو 100 دن تک دیکھیں گے۔رہنما ایم کیو ایم نے واضح کیا کہ ہم نے پی ٹی آئی سے اتحاد کیا ہے ان میں ضم نہیں ہوئے ہیں۔عامر خان نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا تین ماہ کوئی غیر ملکی دورہ نہیں کروں گا، کہا گیا تھا آئی ایم ایف کے پاس جانے سے مرنا بہتر ہے، گیس کی قیمتیں کم کرنے کا کہا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھینس اور گاڑیاں فروخت کرنے سے ملک نہیں چلتے، 100 دن میں معاہدے پورے نہیں ہوئے تو احتجاج کا حق بھی رکھتے ہیں۔ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے ایک رہنما کہتے ہیں مہاجر بھوکے ننگے آئے تھے، تاریخ اٹھا کر دیکھیں کس نے شروع میں ملک چلایا، کہتے ہیں ہم پالتے ہیں، ارے بھائی، آج بھی کراچی شہر پورے پاکستان کو پالتا ہے، آپ آج بھی ذہنی طور پر غلام ہیں۔