اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی، عمران خان کے ساتھ چیئرمین نیب کی ملاقات غیر متوقع اور غیر مناسب قرار، ن لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور ن لیگ کے رہنمائوں نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ نیب نے شہباز شریف
کو صاف پانی سکینڈل میں بلایا اور گرفتار آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں کر لیا۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان اور چیئرمین نیب کی ملاقات غیر متوقع اور غیر مناسب تھی ۔ ہم نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرا دی ہے اور درخواست کی ہے کہ کیونکہ یہ اپوزیشن لیڈر کا معاملہ ہے لہٰذا ریکوزیشن جمع کرانے کے بعد اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے ۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سپیکر کو شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا پڑیں گے۔