لاہور ( این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کیلئے کپڑے ، بستر اور دیگر ضروری اشیاء نیب آفس پہنچائی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کیس میں شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد انکے سٹاف افسر نیب آفس پہنچے جنہیں اجازت کے بعد اندر جانے دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق
شہباز شریف کیلئے کپڑے بستر اور دیگر ضروری اشیاء پہنچائی گئیں۔دریں ثناء نواز شریف سے حمزہ شہباز کا رابطہ ،شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال ،فوری طورپر یہ کام کیاجائے،نواز شریف نے ہدایات جاری کردیں، مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے حمزہ شہباز نے رابطہ کر کے اپنے والد شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے بتایا کہ نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو ریکوزیشن کی جائے اور درخواست کی جائے کہ وہ قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کے پروٹیکشن آرڈر جاری کریں۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بدترین ریاستی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جدید ، پراگریسو اور ماڈرن پنجاب کے معمار ہیں ۔ آصف کرمانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو کمزور اور بے قیادت کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی ،(ن) لیگ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مضبوط اور متحد ہے۔