جامشورو(این این آئی)چین کے تعاون سے 14 ارب روپے کی لاگت سے بنایا گیا سستی بجلی تیار کرنے والا لاکھڑا پاور ہاؤس بند کر دیا گیاہے۔ جامشورو میں موجود لاکھڑا پاور ہاؤس کو 1988میں چین کے تعاون سے 14ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا تھا۔
پاور ہاؤس اب ایک کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے۔لاکھڑا پاور ہاؤس کی خاصیت کوئلے کی مدد سے سستی بجلی تیار کرنا تھی ۔ پاور ہاؤس میں50،50میگا واٹ بجلی تیار کرنے کی تین مشینیں لگائی گئی تھیں۔گذشتہ سال 20 جولائی کو شارٹ سرکٹ کے باعث مشینیں جل کر راکھ ہوگئیں مگر ملازموں نے اپنی مدد آپ کے تحت دن رات کام کرکے مشینوں کو ٹھیک کرلیا۔پاور ہاؤس سے اب بھی 35میگا واٹ بجلی تیار کی جا سکتی ہے مگر حکومت کی جانب سے پاور ہاؤس کی بحالی کے لیئے فنڈزجاری نہیں کیے جارہے ہیں۔ جامشورو لاکھڑا پاور ہاؤس میں کوئلے کی مدد سے تیار ہونے والا بجلی کا فی یونٹ چار روپے میں پڑتا تھا اور معاہدے کے تحت نیپرا کو دس روپے فی یونٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔ذرائع کے مطابق پاور ہاؤس کی بحالی کے لئے20 کروڑ روپے کی رقم درکار ہے۔حکومت کی جانب سے سب سے سستی بجلی بنانے والے پاور ہاؤس کو بند کرنے کا کوئی نوٹیفیکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا،نہ ہی وجوہات بتائی گئیں۔ تقریبا 14 ماِہ سے اس پاور ہاؤس میں بجلی کی پیداواربند ہے جس کے باعث سینکڑوں ملازم بیروزگار ہیں جبکہ کئی ملازمین تنخواہ سے محروم بھی ہیں۔