اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے رات گئے پمز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔ وزیر مملکت نے ہسپتال میں داخل ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر مملکت نے ہسپتال کے عملے کو عام مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اورادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں اگرچہ صحت کی سہولیات دوسرے ہسپتالوں کی نسبت بہتر ہے تاہم ا بھی یہاں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر مملکت ہسپتال میں موجود مریضوں سے فرداً فرداً ملے اور ان سے دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر مملکت داخلہ نے ہسپتال کی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار نے انہیں ہسپتال میں دی جانے والی صحت کی سہولیات اور مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔