لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے اظہر صدیق ایڈوووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ جس میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے قوانین کی پاسداری نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔درخواست گزار وکیل کے مطابق پبلک آفس اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی کی جاتی ہے ،تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی سے بچوں کی صحت برا اثر پڑتا ہے ۔
تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی کی عادت منشیات میں بدل رہی ہے۔درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ پبلک آفسز میں تمباکو نوشی کرنے سے بیماریاں پھیل رہی ہے اس لیے دفاتر اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی پر پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا حکم دے۔ عدالت نے پنجاب کے پبلک آفس اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری پنجاب میٹنگ کرکے پابندی کے حوالے سے اداروں کو نوٹسز جاری کریں۔