راولپنڈی(این این آئی)کسٹم عدالت نے سابق چیئرمین نیب سیف الرحمان کے ویئر ہاؤس سے برآمد ہونی والی قیمتی 20 ’نان کسٹم پیڈ گاڑیوں‘ کیس میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر وقار حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کسٹم عدالت راولپنڈی کے جج ارشد حسین بھٹہ
نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کراچی وقار حسین کے وارنٹ گرفتاری قیمتی نان کسٹم پیڈ قطری گاڑیوں سمیت 300 گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کرنے پر جاری کیے۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر وقار حسین پر الزام ہے کہ انہوں نے کراچی میں پوسٹنگ کے دوران لینڈ کروزر، پراڈو، بی ایم ڈبلیو، مارک ایکس، ٹویوٹا سرف اور ڈبل کیبن گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کر کے قومی خزانہ کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔تفتیشی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ ایکسائز آفیسر وقار حسین اس وقت حیدرآباد میں تعینات ہیں جس پر عدالت نے کسٹم آفیسر کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا۔تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ ایکسائز آفیسر وقار حسین سندھ حکومت کی ایک اہم شخصیت کا دست راست ہے اور تمام قیمتی گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں ہی کی گئیں۔واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل سابق چیئرمین نیب سیف الرحمان کے ویئر ہاؤس سے 20 قیمتی گاڑیاں برآمد ہوئی تھیں جو سابق قطری وزیراعظم شیخ حمد بن جاسم کیلئے غیر قانونی طور پر منگوائی گئیں تھیں۔ قطری شہزادے انہی گاڑیوں پر شکار کھیلنے کیلئے صحرائی علاقوں کا رخ کرتے تھے۔