اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورکینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے بطور گواہ پیش نہ ہونے پرسابق ڈائریکٹر آپریشنز لاہور پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز سمیت 9 گواہان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ ہدایت اللہ شاہ کے روبرو پراسیکیوشن کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سابق ڈائریکٹر آپریشنز لاہور عائشہ ممتاز نے 2016 ء میں اپنی ٹیم کے ہمراہ یو کے فوڈزتاج پارک پر چھاپہ ماراتھا، معائنے کے دوران پروڈکشن یونٹ میں غیر معیاری چلی ساس
تیار کی جارہی تھیں ، مالک اوراس کے ملازمین نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ساتھ بدتمیزی کی جس کے بعد یوکے فوڈ پر مقدمہ درج کیا گیا تاہم سابق ڈائریکٹر آپریشنز لاہور عائشہ ممتاز سمیت 9 گواہان بطور گواہ پیش نہیں ہو رہے جس کے باعث مقدمہ التواء کا شکار ہے،پراسکیوشن کے وکیل نے مزید کہا کہ سابق ڈائریکٹر آپریشنز لاہور عائشہ ممتاز، اسسٹنٹ فوڈز سیفٹی آفسیر حسنین رسول ،نائب قاصد رضا علی سمیت 9 افراد آپریشن ٹیم کا حصہ تھے،جس کے بعد عدالت نے مذکورہ بالا حکم جاری کردیا ۔