اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سیلابی ریلا چھوڑنے کے بعد بھارت کی جانب سے نالہ ڈیک کے پشتوں کو تباہ کرنے کا منصوبہ ناکام ۔تفصیلات کے مطابق نالہ ڈیک جنڈیالہ کے مقام پر بھارت سے بہہ کر آنے والی 2بھارتی ساختہ اینٹی ٹینک مائنز برآمد ہوئی ہیں۔ مائنز 18پاﺅنڈ وزنی ہیں۔اینٹی مائنز کی اطلاع مقامی لوگوں نے پولیس کو دی، پولیس نے بم ڈسپوزل سکواڈ نارووال کی ٹیم کو اطلاع دی۔
جس پر بی ڈی ایس نے موقع پر پہنچ کر مائنز کو اپنے قبضہ میں لے کر ناکارہ بنا دیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت نے بغیر اطلاع پانی چھوڑا، جس کے باعث چناب کے معاون دریاؤں جموں اور توی میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ قصور، نارووال، سیالکوٹ، ہیڈمرالہ کے مقامات پر دریائوں کی سطح بھی اچانک بلند ہوگئی، جس کے باعث دریائوں کے بیٹ میں واقع آبادیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ بھارت نے فیروز پور ہیڈ ورکس کے گیٹ بھی کھول دئیے، راوی میں مادھوپور ہیڈورکس سے چھوڑا گیا پانی جسڑکے مقام پر پاکستان میں داخل ہوا۔وزارت پانی و بجلی کے مطابق بھارت کیساتھ ستلج میں 50 اور راوی میں 30 ہزار کیوسک پانی چھوڑے جانے پر پیشگی اطلاع کا معاہدہ ہے لیکن اس نے خلاف ورزی کی۔ادھر سیالکوٹ، نارووال، شکر گڑھ میں طوفانی بارش سے دریائے جموں توی اور ندی نالے بپھر گئے، متعدد دیہات کو خالی کرا لیا گیا، ہیڈمرالہ اور نالہ ڈیک میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔نالہ ڈیک میں اونچے درجے کے سیلاب سے 80 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا، نالے میں پانی کی گنجائش خطرے کے نشان سے صرف ایک سو کیوسک میٹر دور رہ گئی، ہیڈمرالہ کے مقام پر بھی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔شکر گڑھ میں مسلسل 18 گھنٹوں کی بارش سے دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، نالہ بئیں اور نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب آ گیا، نارووال میں آٹھ گھنٹے مسلسل بارش سے ظفروال کے نالہ ڈیک میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ نالے کے کنارے پر واقع متعدد دیہات کے مکینوں نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع کر دیا۔