اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی حکومت کا عوام پر گیس کے بعد بجلی بم گرانے کا فیصلہ، بجلی فی یونٹ چار روپے تک مہنگی کرنے کی سمری منظوری کے لیے وزیرِ خزانہ اسد عمر کے زیرِ صدارت ای سی سی اجلاس میں آج پیش کی جائے گی۔ای سی سی کے لیے تیار سمری میں وزارت توانائی نے تجویز دی ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کم سے کم دو جبکہ زیادہ سے زیادہ چار روپے اضافہ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق 50 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ 2 روپے سے
بڑھا کر 4 سے 6 روپے، 100 یونٹ پر ریٹ 5.79 روپے سے بڑھا کر 7 سے 9 روپے، 200 یونٹ استعمال پر 8.11 روپے سے بڑھا کر 10 سے 12 روپے کرنے کی تجویز ہے۔وزارت خزانہ نے تجویز کیا کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 10.20 روپے سے بڑھا کر 12 سے 14 روپے، 700 یونٹ کے استعمال پر 15.54 روپے سے بڑھا کر 17 سے 19 روپے جبکہ اس سے زائد یونٹ پر نرخ 17.27 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 19 سے 21 روپے کیے جائیں۔حتمی فیصلہ آج ہوگا۔