اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اسحاق ڈارکی عدم حاضری سے متعلق کیس کی سماعت، سپریم کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وزارت داخلہ اسحاق ڈار کی واپسی کے لئے برطانوی حکومت کو لکھے گئے اپنے خط کی پیروی کرے۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی عدم حاضری سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی ۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی
سربراہی میں بنچ نے کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ نیب نے وزارت داخلہ کو اسحاق ڈار کوواپس لانے کے لئے خط لکھا اور وزارت داخلہ نے اسحاق ڈار کی واپسی کےلئے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا ہے تاہم برطانوی حکومت نے تاحال حکومتی خط کا جواب نہیں دیا،واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار مبینہ طور پر علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں ۔