امریکی امداد پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ نہیں ،نیول چیف نے امریکیوں کو کھری کھری سنا دیں

19  ستمبر‬‮  2018

واشنگٹن( آن لائن )پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاہے کہ امریکی امداد پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ نہیں ، پاکستان میں بہت وسائل ہیں ،ہم امریکا کی معاونت کے بغیر بھی کام کرسکتے ہیں ،بھارت کے سمندر میں جوہری ہتھیار نصب کرنے کے منصوبے کی وجہ سے پاکستان کو بھی خطے میں اسٹریٹجک متوازن برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارت کے سمندری جوہری پروگرام پر شدید تحفظات ہیں ، پاکستان بھارتی خطرات سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے جوہری ہتھیار کی حفاظت کرنا جانتا ہے ، پاکستان نے 2016 میں چین سے 8 سب میرینز کا معاہدہ کیا تھا جو 2025 تک ہمیں مل جائیں گی ،افغانستان ایک خودمختار ریاست ہے ، ہم اس کی عزت کرتے ہیں ،پاکستان کا شمالی کوریا سے موازنہ کرنا نامناسب ہے ،گوادر میں کوئی چینی بیس موجود نہیں ،پاک آرمی نے قبائلی علاقوں کو منظم دہشت گرد تنظیموں سے خالی کرانے کیلئے کئی آپریشن کیے ہیں ، اب قبائلی علاقے قومی دھارے میں بھی آچکے ہیں۔ پاکستانی سفارت خانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں اسٹریٹجک ڈیپتھ حاصل کرنے کی کوششوں کی افواہوں کو مسترد کیا۔انہوں نے کہاکہ امریکا کا پاکستان کو مالی معاونت روکنے کا فیصلہ اچھا نہیں تھا تاہم ہمارے لیے یہ معاملہ زندگی یا موت کا مسئلہ نہیں۔امریکی میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ایڈمرل عباسی نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے سمندر میں جوہری پروگرام کے بدلے میں اقدامات کا دفاع کیا۔انہوں نے کہاکہ سمندر میں نصب جوہری ہتھیار سے دوبارہ حملے کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے اور اس سے خطے میں برابری نہیں رہتی جس کی وجہ سے ہم نے اس صلاحیت کو برابر کی سطح پر لانے کے لیے اقدامات کیے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بھارت کے اس پروگرام پر شدید تحفظات ہیں اور ہمارے اقدامات بھارت کے پروگرام کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔

ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان نے بابر 3 میزائل کا تجربہ بھارتی چیلنجز کو شکست دینے کیلئے کیا تھا تاہم انہوں نے صحافی کی جانب سے سوال میں اس میزائل کو بنانے میں چینی معاونت کے تاثر کو مسترد کردیا۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان بھارتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے جوہری ہتھیار کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے 2016 میں چین سے 8 سب میرینز کا معاہدہ کیا تھا جو 2025 تک ہمیں مل جائیں گی تاہم واضح رہے کہ ان سب میرینز میں جوہری ہتھیار نصب کیے جانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

ایڈمرل عباسی نے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں اسٹریٹجک ڈیپتھ حاصل کرنے کی افواہوں کو مسترد کیا اور کہا کہ افغانستان ایک خودمختار ریاست ہے اور ہم اس کی عزت کرتے ہیں۔پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلیوں سے افغان پالیسی پر کوئی اثر نہیں آیا اور ہمارا ملک افغانستان میں امن اور استحکام کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں غیر حکومتی ریاستیں نہیں چاہتا کیونکہ اس کے اثرات پاکستان پر بھی آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان میں پناہ حاصل کرتے ہیں اور اس کی زمین کو پاکستان میں حملوں کیلئے استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہم سرحد پر باڑ لگا رہے ہیں۔قطر میں امریکا اور طالبان کے مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے 2016 میں مذاکرات کا آغاز امن کی امید تھی جسے ملا عمر کی ہلاکت کی خبر لیک کرکے سبوتاژکیا گیا تھا۔

ایڈمرل عباسی نے پاکستان کا افغان طالبان کی مالی معاونت کرنے کے تاثر کو مسترد کیا اور کہا کہ طالبان کی آمدنی منشیات کے فروغ سے ہوتی ہے اور اس کی تقریبا 30 سے 40 فیصد اسمگلنگ سمندری راستوں سے ہوتی ہے جسے ہم روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔پاک بحریہ کے سربراہ نے پاکستان کو شمالی کوریا کی طرح اکیلے پن کا سامنا ہونے کی تجویز سے ناموافق ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شمالی کوریا سے موازنہ کرنا نامناسب ہے۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ شمالی کوریا بین الاقوامی سسٹم سے دور ہوگیا ہے۔

جبکہ پاکستان اس میں موجود ہے کیونکہ اسلام آباد کو معلوم ہے کہ کوئی بھی ملک اکیلے نہیں چل سکتا۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان ،امریکہ سے تعلقات میں بہتری، معاشی و سیکیورٹی رہنمائی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے باہمی عزت سے چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی معاونت ہماری ترجیح نہیں ہم یہ تعلقات دونوں صورتوں میں بہتر دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں بہت وسائل ہیں اور ہم امریکا کی معاونت کے بغیر بھی کام کرسکتے ہیں۔

ایڈمرل عباسی نے امریکا کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کے فوجی افسران کا امریکی دفاعی اداروں میں جانے کے پروگرام بند کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فوجی افسران کی تربیت رکی نہیں ہے ،ہم اب بھی اپنے افسران کو اپنے وسائل پر امریکا میں تربیت کیلئے بھیج رہے ہیں۔ ایڈمرل عباسی نے گوادر میں چینی بیس بنائے جانے کی خبروں کو بھی مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ گوادر خالصتا ایک تجارتی بندرگاہ ہے اور ابھی تک کوئی بھی غیر ملکی جنگی جہاز گوادر بندگاہ پر لنگرانداز نہیں ہوا۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ بھارت اور امریکا کے درمیان حال ہی میں میری ٹائم کا معاہدہ طے پایا ہے تاہم یہ معاہدے کوئی غیر مفادی کھیل نہیں ہیں۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بتایا کہ پاک بحریہ نے کثیر القوی بحری مشق کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی ہے جس میں امریکا سمیت تقریبا 50 ممالک کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مشق کے ذریعے تمام شریک ممالک کی افواج امن کیلئے متحدعزم کے ساتھ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

پاکستان کی نئی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کے سوال کے جواب میں ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف اپنے مفاد کے برعکس کارروائیاں کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک آرمی نے قبائلی علاقوں کو منظم دہشت گرد تنظیموں سے خالی کرانے کے لیے کئی آپریشن کیے ہیں اور اب قبائلی علاقے قومی دھارے میں بھی آچکے ہیں۔

موضوعات:



کالم



سرمایہ منتوں سے نہیں آتا


آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…

سعدی کے شیراز میں

حافظ شیرازی اس زمانے کے چاہت فتح علی خان تھے‘…

اصفہان میں ایک دن

اصفہان کاشان سے دو گھنٹے کی ڈرائیور پر واقع ہے‘…

کاشان کے گلابوں میں

کاشان قم سے ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے‘ یہ سارا…

شاہ ایران کے محلات

ہم نے امام خمینی کے تین مرلے کے گھر کے بعد شاہ…

امام خمینی کے گھر میں

تہران کے مال آف ایران نے مجھے واقعی متاثر کیا…

تہران میں تین دن

تہران مشہد سے 900کلو میٹر کے فاصلے پر ہے لہٰذا…