اسلام آباد (این این آئی)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف الرحمن علوی کے پہلے خطاب کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور متحدہ مجلس عمل نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ پیر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان اپنی اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت چاہی جس پر سپیکر اسد قیصر نے سر دار ایاز صادق کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ خود سپیکر رہے ہیں ٗقواعد اس کی اجازت نہیں دیتے آپ کو دوسرے روز موقع دیا جائیگا تاہم اپوزیشن ارکان
نکتہ اعتراض پر بات کر نے پر بضد رہے اور اجلاس سے واک آؤٹ کا اعلان کیا جس پر اسیپکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے اپوزیشن کو احتجاج سے روکنے کی کوشش کی گئی تاہم اس کے باوجود اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے واک آؤٹ کیاتاہم پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے ارکان نے واک آؤٹ میں ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ صدر مملکت کے خطاب کے دوران ایوان میں موجود رہے۔دوسری جانب سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔