اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع، قومی ترانے کے بعد تلاوت قرآن پاک و نعت شریف ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کی دعا ختم ہوتے ہی صدر مملکت کے خطاب کے دوران ن لیگ کے اراکین اسمبلی کا واک آئوٹ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوگیا ہے اور صدر مملکت عارف علوی کا خطاب جاری ہے۔ اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف کے بعد وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے دعا کرائی جس کے
ختم ہوتے ہی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صدر مملکت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی انائونس منٹ کی تو ن لیگ کے اراکین اسمبلی سیٹوں پر کھڑے ہوئے اور انہوں نے بات کرنے کی اجازت چاہی جس پر اسد قیصر نے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق صاحب آپ اسمبلی کے سپیکر رہ چکے ہیں آپ جانتے ہیں کہ اسمبلی کے رولز اس بات کی اجازت نہیں دیتے، آپ کل بات کرلیں ۔ ن لیگ کے اراکین اسمبلی بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاجاََ واک آئوٹ کر گئے۔