لاہور(سی پی پی ) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نالائق حکمرانو! کوئی کام تو سیدھا کر لو،آٹے کے20 کلو توڑے کی قیمت میں40 روپے کا اضافہ کردیا گیا، ریلوے کی زمینیں کی فروخت روکنا ہوگی، اس سے خسارہ کم نہیں وسائل بھی ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ ریلویز کی زمینیں بیچنے کی حکومتی کوشش کیخلاف آواز بلند کی جائے گی۔
ریلوے پراپرٹی بیچنا خسارہ ختم نہیں کرسکتا بلکہ ریلوے وسائل محدود کر دیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریلوے زمینوں کی ویلیو ایڈیشن میں درپیش مشکلات کو ایک ایک کر کے دور کیا ریلوے زمینوں کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ مرکوز کی جائے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آٹے کے بیس کلو توڑے کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ عوام دشمن قدم ہے فلور ملز کو سرکاری گندم کی عدم فراہمی سے پیدا ہونیوالے مہنگائی کی ذمہ دار حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالائق حکمرانو! کوئی کام تو سیدھا کر لو۔ واضح رہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ریلوے کی قیمتی زمینیں بیچنے کیلئے وزیراعظم سے آرڈیننس جاری کرنے کی درخواست کی جائیگی، اراضی واگزارکروانے کے دوران کچی آبادی والوں کو تنگ نہیں کیا جائیگا،23 ہزارافراد بھرتی کرنے کیلئے وزیراعظم کوخط لکھا ہے تاہم 10 ہزار افراد فوری بھرتی کئے جائیں گے، اس کے علاوہ ریلوے ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے چلایاجائے گا،کسی صورت ریلوے کے کرایوں میں اضافے کے حق میں نہیں ہوں ، سات ریجنل ہید کوارٹرز میں صاف پانی کے ٹینڈر بھی میرٹ پر طلب کئے جائیں گے ،شالیمار کیس میں خود پنڈی سے نیب کو بھجواؤں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کواٹرز لاہور میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے سیکٹر میں 23 ہزار لوگوں کی نئی بھرتیوں کی اشد ضرورت ہے ۔
جس کے لئے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے جبکہ 10 ہزار فوری میرٹ پر بھرتی کیے جائیں گے۔ 7ریجنل ہید کواٹرز کے بڑے سٹیشنز پر صاف پانی کے ٹینڈرز طلب کریں گے جس کے بعد اس کو بڑھا کر ان کی تعداد 25 سے 30 سٹیشنز تک کر دی جائے گی اور یہ سب پرئیویٹ سیکٹر کے ذریعے ہو گا۔گزشتہ دور میں ایک سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے پر پر 2 ارب روپے خرچ کیے گئے مگر ان کی حالت بہتر نہیں ہوئی۔