لاہور(سی پی پی) گورنر ہاؤس لاہور عوام کیلئے اتوار کو کھول دیا گیا، فیملیز کو ہر اتوار کی صبح 10 سے شام 6 بجے تک سیر کی اجازت ہوگی تاہم فیملی کے سربراہ کے پاس شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے۔گورنر ہاؤس سندھ، اور گورنر ہاؤس مری کے بعد گورنر ہاؤس پنجاب بھی اتوار سے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔اس موقع پر وہاں آنے والے لاہوری بہت خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پہلے ہم اس کے قریب سے گزرنے کا بھی سوچ نہیں سکتے تھے۔گورنر پنجاب کے مطابق شہری مال روڈ پر
الحمرا ہال کی طرف والے گیٹ سے گورنرہاؤس کے اندر داخل ہوسکیں گے،ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کا چڑیا گھر اور پارک بھی شہریوں کی اچھی تفریح کا باعث بنے گا۔اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری غیر متعلقہ چیزوں کو نہ چھوئیں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں اور گورنر ہاؤس کی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔گورنر ہاؤس فیملیز کے لیے کھولے جانے پر لاہوری خوش ہیں۔ کہتے ہیں پہلے قریب سے گزرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔