گلگت بلتستان(آن لائن)پاک چین سرحد خنجراب پر موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری اور موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے پاک چین سرحد پر پہنچ رہی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں حالیہ بارشوں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں
چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔دوسری جانب ہنگو کے علاقے ڈوپکی میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ماں، باپ اور 2بچے جاں بحق ہوگئے۔اسی طرح مشرقی بلوچستان کے علاقوں ہرنائی، ژوب میں تیز بارش اور پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری اور نالوں میں طغیانی دیکھنے میں آئی جبکہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ کئی مقامات پر متاثر ہوئی۔