لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی بزنس مین انیل مسرت کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کی کابینہ میں کوئی عہدہ حاصل نہیں کر رہے لیکن وہ پانچ ملین مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کو مفت مشاورت دیتے رہیں گے۔ یاد رہے کہ عمران خان کے حلف اٹھانے کے بعد سے انیل مسرت کے کردار پر بہت شکوک پائے جا رہے تھے، انیل مسرت کی عمران خان اور دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں،
ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حالیہ شبہات سرکاری میڈیا کی ان تصاویر سے پیدا ہوئے، جن میں وزیراعظم کو برطانوی شہریوں انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر کے ہمراہ ایک اجلاس میں دکھایا گیا تھا۔ میڈیا میں ان کے کردار اور نئی حکومت میں ان کی پوزیشن سے متعلق کئی سوالات بھی اٹھے تھے۔ انیل مسرت کو دوبارہ پیر کے روز کابینہ کے ایک اجلاس میں دیکھا گیا، جس کی صدارت وزیراعظم نے ملک بھر میں 5 ملین مکانات کی تعمیر کیلئے روڈ میپ کی تیاری پر کی تھی۔ صاحبزادہ جہانگیر، جوکہ فوزیہ قصوری کے بڑے بھائی ہیں، وہ عمران خان کے قریبی دوستوں اور پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں شامل ہیں۔ وہ سمندر پار پاکستانیوں پر عمران خان کے مشیر بھی ہیں جبکہ انیل مسرت کے عمران خان سے2004 سے تعلقات ہیں۔ موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انیل مسرت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نئی حکومت میں کوئی رسمی کردار نہیں ہے اور نہ ہی وہ پاکستان میں بزنس کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں، انیل مسرت نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میرے یورپ اور برطانیہ میں منافع کمانے والے کاروبار موجود ہیں، انیل مسرت نے کہا کہ میری دلچسپی کی واحد وجہ میرا پاکستانی ہونا اور میری وطن کو کچھ دینے کی خواہش ہے، انیل مسرت نے واضح کرتے ہوئے کہاکہ وہ عمران خان کی طرف سے ہاؤسنگ پر بنائی گئی ٹاسک فورس کو مشاورت کی فراہمی پر کوئی معاوضہ نہیں لیں گے۔