اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے سول سروس سرونٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب بہت ضروری ہے تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ بیوروکریسی کے اوپر ناجائز دبائو نہ پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ سارا مسئلہ کرپشن کا ہے اور کرپشن کیلئے ادارے تباہ کئے گئے۔ عمران خان نے سول سروس سرونٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ
احتساب کے عمل کے دوران بیوروکریسی پر کسی بھی قسم کا ناجائز دبائو نہیں آنے دینگے۔ عمران خان نے کہا کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے پاک کرینگے اور ہماری سول سروس میں ریفارمز کے حوالے سے کچھ لوگ گھبرائے ہوئے ہیں ، وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ریفارمز سے بیوروکریسی پر سیاسی دبائو میں کمی آئے گی ، لوگوں کوگھبرانے کی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا آپ کی کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی ہو مجھے اس سے کوئی لینا دینا نہیں میری دلچسپی صرف آپ کے ملک کیلئے کام سے ہے۔ آپ کو چاہے تحریک انصاف اچھی لگتی ہے یا نہیں ، چاہے عمران خان اچھا لگتا ہے یا نہیں اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بیوروکریسی کو سیاسی دبائو اور مداخلت سے پاک کرینگے۔عمران خان نے کہا کہ بیوروکریسی کی شکایت پر چیئرمین نیب سے بھی بات کی ہے۔ آپ لوگ چانسز لیں ، غلطیاں کس سے نہیں ہوتیں ، مجھ سے سب سے زیادہ ہوئیں تاہم غلطی اور فنانشل چوری میں بڑا فرق ہوتا ہے۔عمران خان نے سول سرونٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی حکومت کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں کرے کیونکہ یہ میرا یا تحریک انصاف کا پروگرام نہیں یا یہ میرے لئے نہیں بلکہ یہ پاکستان کے عوام کیلئے ہے جس کی کامیابی سے ملک کے عوام اور ملک کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بیوروکریسی کو ناجائز دبائو اور سیاسی مداخلت سے پاک کرنے اور ان کے دفاع کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کو پورا یقین دلاتا ہوں کہ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی ۔