اسلام آباد (سی پی پی )بیگم کلثوم نواز کی رحلت، وزیراعظم نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 2 روز کیلئے موخر کرنے کی سفارش کردی، صدر مملکت کی جانب سے مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو طلب کیا گیا تھا، تاہم اپوزیشن کے مطالبے اور سابق خاتون اول کے انتقال کے باعث عمران خان نے عارف علوی سے اجلاس 2 روز بعد بلانے کی سفارش کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان
نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رحلت کے باعث پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو موخر کرنے کی سفارش کی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو طلب کیا گیا تھا۔ تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے سابقہ خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رحلت اور آخری رسومات کے باعث صدر مملکت عارف علوی سے سفارش کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 2 روز کیلئے موخر کر دیں۔ممکنہ طور پر صدر مملکت عارف علوی وزیراعظم عمران خان کی سفارش کو منظور کر لیں گے۔ اس سے قبل صدر مملکت کے انتخاب کے بعد بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے کے معاملہ پر تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ بیگم کلثوم نواز کی وفات اور آخری رسومات کے باعث مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کروانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا۔مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات ادا ہونے تک پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب نہ کرے۔ اس حوالے سے کیا گیا اعلان واپس لیا جائے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے کیلئے پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی مسلم لیگ ن کے مطالبے کی حمایت کی۔ جبکہ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جمعرات 13ستمبر سہ پہر 4بجے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں طلب کیا۔ مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت خطاب کریں گے۔ نئے پارلیمانی سال کا آغاز صدرمملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب سے ہوتا ہے۔