اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور سے پہلی بار گوادر کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیانجی ٹی وی کے مطابق لاہور، اسلام آباد ، کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں سے گوادر کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ اسے سلسلے میں پہلی بار لاہور سے گوادر کیلئے ڈائریکٹ فلائٹ روانہ کردی گئی ہے۔ لاہور سے روانہ ہونے والی فلائٹ میں 19 مسافر سوار ہیں اور یہ پرواز سرکاری یا نجی ایئر لائن کی نہیں بلکہ نجی چارٹرڈ طیارہ ہے
جو براہ راست گوادر پہنچے گا۔واضح رہے کہ گوادر شہر کو اپنی گہرے پانی کی بندرگاہ کے باعث خطے میں خصوصی مقام حاصل ہے ۔ 400 ملین ٹن سالانہ کارگو کی ترسیل کی صلاحیت کی حامل گوادر بندرگاہ نومبر 2016 سے آپریشنل ہوچکی ہے تاہم شہر میں سی پیک کے تحت مختلف تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں جس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کار وہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔تاجروں کی جانب سے براہ راست پروازوں پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے ۔