اسلام آباد(آئی این پی) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے تحریک انصاف کے وکیل پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ نے یہاں اکھاڑا بنا رکھا ہے،اب ہم اپنے دفتر میں بیٹھ کر حکم جاری کرینگے، ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو دینے کا حکم دیا تھا،آپ عدالت میں کہتے ہیں ہمیں کیس سننے کا اختیار نہیں
ہے،چار سال سے ہمارا وقت ضائع کیا جارہا ہے،پیر کو الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سرداررضاخان نے تحریک انصاف کے وکیل پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار سال سے ہمارا وقت ضائع ہورہاہے۔آپ کو پیر کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔اس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ ہائیکورٹ نے دوہفتے میں تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ ہم دو ہفتے میں تفصیلات جمع کرادینگے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے تو آپ کو تفصیلات جمع کرانے کیلئے تاریخ دی تھی۔ ہائیکورٹ نے دو ہفتوں کے اندر تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ اتنی تاخیر کررہے ہیں۔ اس سے کیا تاثر لینا چاہیے؟گزشتہ سماعت میں تفصیلات جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ کل سے آپ کو نوٹس دینا بند کردینگے۔ چیف الیکشن کمشنرنے کہا ہم اپنے دفتر میں بیٹھ کر حکم جاری کرینگے۔ آپ کو ہائیکورٹ نے تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کسی سے تفصیلات کا تبادلہ نہیں کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ریکارڈ تو جمع کرائیں پھر کسی فریق کو تفصیلات دینے کا سوال پیدا ہوگا۔ آپ نے الیکشن کمیشن کو ریسلنگ کا رنگ بنا رکھا ہے۔ایک دن ایک وکیل دوسرے روز دوسرے کو بھیج دیتا ہے۔ آپ ہائیکورٹ میں کہتے ہیں کہ ہم کیس کی سماعت کرنے کے مجاز ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تین سال
سے آپ کا موقف واضح نہیں ہوسکا۔ ہم پھر کسی فریق کو سنے بغیر فیصلہ دیدیں گے اور پارٹی فنڈنگ کیس پر ہم اپنا حکم جاری کرینگے۔پی ٹی آئی نے آخری مہلت پر بھی پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں جس پرالیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔(خ ف)