اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کے پاناما کیس پر فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بیٹوں اور اسحاق ڈار کی طرف سے فیصلے پر نظرثانی کے لیے اپیلیں دائر کی گئی تھیں، جس پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پاناما کیس فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے جو 12 ستمبر
کو ان نظرثانی کی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ اس تین رکنی بنچ میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے خلاف سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کی طرف سے نظرثانی کی اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاناما فیصلے پر نظر ثانی اپیل کو بھی سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔